ڈنیڈ ن، 12/مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)امپائرکے فیصلہ کا جائزہ لینے والے نظام (ڈی آر ایس)تنازعہ کو لے کر ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی اورآسٹریلیائی کپتان اسٹیو اسمتھ کے خلاف کسی طرح کی کارروائی نہ ہونے پر جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈو پلیسس نے تعجب کا اظہار کیا ہے۔ڈو پلیسس اس بات کو لے کر زیادہ حیرت میں ہے کہ ڈی آرایس تنازعہ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ضابطہ اخلاق کی کسی بھی خلاف ورزی کے تحت نہ تو وراٹ اور نہ ہی اسمتھ پر جرمانہ عائد کیا۔انہوں نے کہا کہ میں حیران ہوں کہ ڈی آرایس تنازعہ کے بعد بھی نہ تو وراٹ پر اور نہ ہی اسمتھ پر جرمانہ عائد کیا گیا، آئی سی سی کی جانب سے ملی رائے الگ تھی۔ڈو پلسس اس وجہ سے بھی ناراض ہیں کیونکہ گذشتہ سال نومبر میں ہوبارٹ ٹیسٹ کے دوران انہیں گیند سے چھیڑ چھاڑ کا مجرم پایا گیا تھا اور پھر ان پر میچ فیس کا 100فیصد جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔انہوں نے اس کے خلاف اپیل بھی کی تھی جسے مسترد کر دیا گیا تھا۔کپتان نے کہا کہ ہمارا اور نیوزی لینڈ کی ٹیم کے کرکٹ کھیلنے کا طریقہ ایک جیسا ہے، ہم میدان پر ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں، اگر آپ ہندوستان یا آسٹریلیا جیسی ٹیموں کے ساتھ کھیلتے ہیں، تو اس طرح کے واقعہ کا ہونا عام بات ہے۔